کشمیر سیل کا مقصد کشمیر کی صورتحال پر لائحہ عمل مرتب کرنا ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر سیل کے قیام کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر لائحہ عمل مرتب کرنا ہے، مسئلہ کشمیر کو مختلف فورمز پر اٹھانے کے لیے روابط تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیرسیل کے دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کشمیر سیل کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان، وزیرقانون فروغ نسیم، سیکریٹری خارجہ ،سول، عسکری اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیرمیں جاری صورتحال اور اب تک کاوشوں سے آگاہ کیا، وزیر خارجہ نے اپنی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سیل کے قیام کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔ نہتے کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ میں ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے آج جینوا روانہ ہوں گا جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین کے سامنے نہتے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کروں گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی ضمیر جھنجوڑیں گے،اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر عالمی میڈیا اور انسانی حقوق تنظیموں کے کردار کو سراہا گیا۔

اس حوالے سے سفاتری ذرقائع کا کہنا ہے کہ تہمینہ جنجوعہ خصوصی مندوب کےطور پر پہلےہی جنیوامیں موجود ہیں، تہمینہ جنجوعہ انسانی حقوق کی صورتحال پرمندوبین کو اعتماد میں لے رہی ہیں۔