اسلام آباد: حریت رہنماء مشعال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیری تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں، پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کا رویہ اور بیانیہ جارحانہ ہو چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر پر مشعال ملک کے فن پاروں کی نمائش اسلام آباد میں ہوئی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے کشمیر میں جارحیت کی انتہا کردی ہے۔
انہوں نے کہا پلوامہ واقعے کے بعد جنوبی ایشیاء کے حالات ریڈ الرٹ اور پاک بھارت تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، عالمی برادری امن کیلئے کردار ادا کرے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو موت کی وادی بنا دیا ہے، بھارت کو سمجھنا ہو گا جنگ مسائل کا حل نہیں۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد بھارت پاکستان پر مسلسل ہرزہ سرائی کررہا ہے، بدحواس بھارتی میڈیا بھی پاکستان پر الزام تراشے سے باز نہ آئے۔
بھارت کشمیر میں 70 سالوں سے ظلم و ستم کی انتہا کررہا ہے: مشعال ملک
دو روز قبل آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، لائن آف کنٹرول کے دورے کے موقع پر آرمی چیف کو ایل او سی کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔