کورونا کے دوران حکومت کی جانب سے دی گئی 33 ارب سبسڈی کراچی کے بجلی صارفین کو نہیں ملی قومی اسمبلی کمیٹی نے سی ای او کے ای کو طلب کر لیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صنعت وپیداوار نے کراچی کے بجلی صارفین کو اس وقت کی حکومت کی جانب سے دی گئی کورونا سبسڈی نہ دینے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو کے ای کو طلب کر لیا ہے۔
اس وقت کی وفاقی حکومت نے کورونا وبا کے دوران کراچی کے بجلی صارفین کے لیے سبسڈی کا اعلان کیا تھا لیکن کے الیکٹرک نے رہائشی، تجارتی اور صنعتی صارفین کو یہ سبسڈی فراہم نہیں کی تھی۔ تمام صنعتی ایسوسی ایشن کئی بار کورونا دور میں ملنے والی 33 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا مطالبہ کر چکی ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی الیکٹرک (کے ای) کے سی ای او کو 27 ستمبر کو اسلام آباد اجلاس میں طلب کر لیا ہے جب کہ اس اجلاس میں اٹارنی جنرل کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قائمہ کمیٹی صنعت وپیداوار کو کراچی کی صنعتی انجمنوں نے خطوط لکھ کر اس کی توجہ اس معاملے کی جانب مبذول کرائی تھی۔