’کےالیکٹرک کو 325 ارب روپے ریکوری لاسز کی اجازت دینا کراچی والوں سے زیادتی ہے‘

ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ نیپرا کی جانب سے کےالیکٹرک کو 325 ارب سے زائد ریکوری لاسز کی اجازت دینا کراچی کے شہریوں کے ساتھ زیادتی ہے۔

اپنے بیان میں سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی کے عوام پر اضافی بلنگ کا بوجھ ناقابل برداشت ہے ہر سطح پر اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ توجہ طلب بات یہ ہے کہ اس معاملے پر نا ہی کوئی پبلک ہیرنگ ہوئی نا ہی کراچی کے منتخب عوامی نمائندوں کو اس متعلق آگاہ کیا گیا، ملک بھر میں باقی بجلی تقسیم کار کمپنیوں(ڈسکوز) کو کیا اس کام کی اجازت ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ سوا تین سو ارب، جس سے  شہر میں کئی میگا پراجیکٹس مکمل ہوسکتے ہیں اتنی خطیر رقم کو عوام سے بجلی کے بلوں میں شامل کرکے ریکوری کی اجازت دینا سراسر زیادتی ہے، متحدہ قومی موومنٹ کراچی کی عوام پر اضافی بلنگ کا بوجھ ہر گز برداشت نہیں کرے گی۔

نیپرا میں کے الیکٹرک کی رائٹ آف کلیمز کے حوالے سے عوامی سماعت مکمل

اس موقع پرترجمان کے-الیکٹرک نے کہا کہ بطور ایک نجی یوٹیلیٹی، کے-الیکٹرک کا گردشی قرضے میں کوئی حصہ نہیں، جس کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ ادارے بھی تصدیق کر چکے ہیں۔ اس جائز درخواست کی منظوری سے کے-الیکٹرک کے کیش فلوز میں نمایاں بہتری آئے گی جس سے انفراسٹرکچر اپ گریڈ میں بہتری لانے کے عمل میں تیزی اور صارفین کو قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔”

کے-الیکٹرک اس معاملے پر نیپرا سے رابطے میں ہے۔