کیرالہ کی خواتین صرف ڈھائی سو کا ٹکٹ لے کر 10 کروڑ کی لاٹری جیت گئیں

کہتے ہیں کہ جب خدا دیتا ہے تو چھپڑ پھاڑ کردیتا ہے، اسی کے مصداق کیرالہ کی 11 خواتین صرف ڈھائی سو کا ٹکٹ لے کر 10 کروڑ کی لاٹری جیت گئیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 11 خواتین شہر سے کچرا چننے کا کام کرتی ہیں تاہم اب وہ کروڑ پتی خواتین کی حیثیت رکھتی ہیں کیوں کہ مون سون بمپر لاٹری کے ذریعے اب وہ 10 کروڑ روپے جیت چکی ہیں۔

زندگی میں قسمت کیا کردار ادا کرسکتی ہے اس کے بارے میں تو کوئی کیرالہ کی ان 11 خواتین سے پوچھے، کیرالہ کے مالاپ پورام میونسپلٹی کے ہاریتھا کرما سینا کی 11 خواتین ارکان پچھلے ڈھائی سالوں سے گھروں سے کچرا اٹھاتی ہیں تاکہ اپنی زندگی کی گاڑی کھینچ سکیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ان خواتین نے 250 کی لاٹری خریدنے کے لیے مل کر پیسے جمع کیے، 9 خواتین نے 25 ، 25 روپے جمع کیے جبکہ 250 روپے کی رقم کو پورا کرنے کے لیے باقی دو خواتین نے ساڑھے بارہ، ساڑھے بارہ روپے ملا کر اس رقم کو مکمل کیا۔

ان کے اتحاد و اتفاق نے شاید ان کی لاٹری جیتنے میں کافی اہم کردار ادا کیا ہے جب کہ وہ آگے بھی اسی طرح مل کر کام کرنا چاہتی ہیں۔

خواتین نے اپنی جمع شدہ رقم سے 4 لاٹری خریدی تھی، جب انھیں کال موصول ہوئی کہ وہ اتنی بڑی رقم جیت چکی ہیں تو انھیں اپنے کانوں پر یقین ہی نہ آیا، خواتین اس پیسے کو ذمہ دارانہ طریقے سے خرچ کرتے ہوئے اپنا گھر خریدنا چاہتی ہیں اور بچوں کو تعلیم دلوانا چاہتی ہیں۔