لاہور: پی ٹی آئی ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ نے ایف آئی اے کی انکوائری کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی ایکٹوسٹ خدیجہ شاہی نے منی لانڈرنگ کے الزام میں انکوائری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں انکوائری بدنیتی پر مبنی ہے۔
خدیجہ شاہ نے درخواست میں استدعا کی کہ ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ انکوائری کو کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ میں خدیجہ شاہ کی نظر بندی کیخلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں شوہر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ خدیجہ شاہ کو ایم پی او تھری کے تحت نظر بند کر دیا گیا، ان کو ایک سے زیادہ مقدمات میں ملوث کیا گیا، ایک مقدمے میں ضمانت ہوتی ہے تو دوسرے میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اب ضمانت ہونے پر نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، خدیجہ شاہ کی نظر بندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
یاد رہے ڈپٹی کمشنر لاہور نے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے خدشات کے تحت تحریک انصاف کی کارکن خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔