اسلام آباد: انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں 5 جی ٹیکنالوجی لانے کے لیے کام کررہے ہیں.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ چھوٹے ادارے قومی ادارے بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں، جو قومیں کھیلوں میں آگے ہوں وہ عالمی سطح پرنام روشن کرتی ہیں.
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ہرسطح پربے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، پاکستان کو ڈیجیٹل کرنا ہمارا خواب ہے، پاکستانیوں کوعالمی معیار کی تعلیم دینے پرکام کر رہے ہیں.
خالدمقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اور شارٹ کورسز پرمنصوبہ بندی جاری ہے، براڈ بینڈ اور کلاؤڈ کی توسیع پر کام جاری ہے، جلد اس ضمن میں پیش رفت ہوگی.
وفاقی وزیرخالدمقبول صدیقی نے کہا کہ اسمارٹ فون کی مینوفیکچرنگ کی پاکستان میں اشد ضرورت ہے، ساتھ ہی 5 جی ٹیکنالوجی پاکستان لانے کے لیے بھی مصروف عمل ہیں.
مزید پڑھیں: پندرہ فروری کے بعد تمام غیر رجسٹرڈ موبائل فون بلاک کردئیے جائیں گے
.خیال رہے کہ 5 جی سیلولر کمیونیکشن ٹیکنالوجی کے میدان میں جدید اور تیز ترین ٹیکنالوجی ہے
یاد رہے کہ خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ہیں، وہ این اے255 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے. پی ٹی آئی سے اتحاد کے بعد انھوں نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا منصب سنبھالا.