کراچی: وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوادیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوادیا، استعفیٰ خالد مقبول صدیقی کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس ارسال کیا گیا۔
وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم عمران خان سے فوری استعفیٰ قبول کرنے کی درخواست کی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل خالد مقبول صدیقی نے احتجاجاً وزارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ میرا اب کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے تاہم حکومت سے تعاون مسلسل جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں: خالد مقبول صدیقی کا وزارت چھوڑنے کا اعلان، ایم کیوایم حکومت کا حصہ رہے گی
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت کا ساتھ دیں گے، ہم نے حکومت سے کیا گیا اپناوعدہ پورا کیا،16،17ماہ گزرنے کے بعد بھی کسی ایک نکتے پرپیشرفت نہیں ہوئی، حیدرآباد میں ہم کوئی بڑی یونیورسٹی نہیں دے سکے، سندھ کے شہری علاقوں کے عوام بھی اسی مسائل کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا تھا، اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات جائز ہیں، مسائل ہوتے رہتے ہیں جنہیں حل بھی کرلیا جاتا ہے، ایم کیو ایم پاکستان حکومت کی اتحادی جماعت ہے اور رہے گی۔