’موسمیاتی تبدیلی کا حل نکالیں ورنہ پاکستان، بھارت نہیں بچیں گے صرف میمز رہ جائیں گی‘

خاقان شاہنواز

شوبز انڈسٹری کے نوجوان اداکار خاقان شاہنواز نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ویڈیو پیغام شیئر کردیا۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار خاقان شاہنواز نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان، بھارت کی جنگ ہورہی تھی تو دونوں ممالک میمز بنارہے تھے بھارت والے کہہ رہے تھے کہ تمہارا پانی روک لیں گے تو تم لوگ نہاؤ گے کیسے؟

اداکار کے مطابق پاکستانی کہہ رہے تھے کہ بھائی مون سون آنے دو، بھارت والے پانی کے ساتھ ساتھ اور بھی بہت کچھ دیں گے۔

خاقان شاہنواز نے کہا کہ پھر وہی ہوا، مون سون آیا اور اتنا پانی آیا اور تباہی ہوئی کہ دونوں ملکوں کو لینے کے دینے پڑ گئے۔

انہوں نے کہا کہ سمجھنے والی بات یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ آپس میں اتنی نہیں ہے جتنی غربت کے ساتھ ہے اور اب آنے والے دنوں میں موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ ہوگی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ بجائے اس کے کہ میمز بنائیں ایک دوسرے کو گالیاں دیں، ایک دوسرے کے ملک اور مذہب کو چھوٹا بولیں، سر جوڑ کر بیٹھیں اور موسمیاتی تبدیلی کا حل نکالیں نہیں تو دس سال بعد بھارت اور پاکستان نہیں بچیں گے بس انٹرنیٹ پر میمز ہی رہ جائیں گی۔