اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آج ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف کو یاد کرنے کا دن ہے، دو منتخب وزرائے اعظم نے پاکستان کا نام بلند کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج یوم تکبیر ہے، جس شخص نے یہ پروگرام شروع کیا وہ پھانسی چڑھ گیا، جس نے تکمیل کی وہ جیل میں ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج ہم نہ نظریاتی طور پر آزاد ہیں نہ معاشی طورپر، ایوان میں بیٹھے افراد پر ملک میں جمہوریت اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کا فرض عاید ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں آج دشمنوں نے گھیرا ہوا ہے، موقع دیا جاتا تو پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہو چکا ہوتا، ہمیں معاشی غلام بنایا جا رہا ہے، زنجیروں میں جکڑا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کے واقعے پر خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے: خواجہ آصف
آج نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں ہے اس کو یاد کرنے کا دن ہے، سلسلہ چلتا رہتا تو آج پاکستان جمہوری اور معاشی لحاظ سے نا قابل تسخیر ہوتا۔
خیال رہے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران انھوں نے کہا تھا کہ میرانشاہ واقعے پر کسی نے کچھ نہیں کہا، واقعے پر کچھ نہ کہنا پارلیمنٹ کی توہین ہے، غلطیاں کرنے والے کہیں بھی ہوں ان کو سیاسی طور پر ٹھیک کریں، لوگ ایوان میں مسئلے حل کرنے کے لیے بیٹھے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں خاموش رہ کر افواج اور وہاں کی عوام کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے۔