اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے بڑے مسائل کا سامنا کیا۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 13ماہ وزیر اعظم شہباز شریف نے جو کردار ادا کیا وہ شاید ہی کوئی اور ادا کر سکتا تھا، آئی ایم ایف معاہدے پر دستخط کر ناقابل فخربات نہیں، اتحادی حکومت نے ہمالیہ جیسے مسائل حل کیے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) دور حکومت میں دانش اسکول کا سلسلہ شروع کیا گیا، آنے والی نسلوں کیلیے کی جانے والی انویسٹمنٹ کو روک دیا گیا، تعلیم آنے والی نسلوں کو تربیت دیتی ہے وہ سب تبدیل کر دیا گیا۔
اس سے قبل خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ اسمبلیاں ایک ماہ کے بعد اپنی مدت پوری کر کے ازخود تحلیل ہو جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتیں عام انتخابات کیلیے مشترکہ امیدوار لانے یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا لائحہ عمل اپنائیں گی، الیکشن کی تیاری کا آغاز ہو چکا ہے، عوام ووٹ کی طاقت سے آنے والے حکمرانوں کو منتخب کریں گے، ہمارے پاس چوائس تھی کی فوری طور پر اسمبلیاں تحلیل کر دیتے لیکن ایسا کرنے سے معیشت مزید تباہ ہو جاتی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں ہزاروں روپے کا ٹیکس اور بجلی، گیس چوری ہوتی ہے یہ چوری ہوتی رہی تو ہمارا ملک معاشی طور پر کبھی مستحکم نہیں ہوسکتا، ایسے بھی شہر ہیں جہاں 85 فیصد تک بجلی اور گیس چوری ہوتی ہے۔