نائن الیون کے بعد ذاتی خواہشات کیلئے ملک کو دہشت گردی میں دھکیلا گیا، خواجہ آصف

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا دہشت گردی تاریخ کاایک دکھ بھراسبق ہے، نائن الیون کے بعد ذاتی خواہشات کیلئے ملک کو دہشت گردی میں دھکیلاگیا اور کراچی، سابق فاٹا، سوات اور دیگر علاقے نشانہ بنے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا چار دہائیوں سےایک خطہ ظلم کاشکار تھا، اس خطےمیں رہنے والوں کا کوئی قصور نہیں تھا، ہم نے اپنے ملک میں خانہ جنگی کا سامان خود پیدا کیا۔

دہشت گردی تاریخ کاایک دکھ بھراسبق ہے

،خواجہ آصف کا کہنا تھا پاکستان نائن الیون کےبعدجنگ کی لپیٹ میں آگیاتھا، نائن الیون کے بعد ذاتی خواہشات کیلئے ملک کو دہشت گردی میں دھکیلاگیا اور کراچی، سابق فاٹا، سوات اور دیگرعلاقے دہشت گردی کا نشانہ بنے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا دہشت گردی تاریخ کاایک دکھ بھراسبق ہے، صرف اقتدارکوطول دینےکاشوق تھاملک پرتوجہ نہیں دی گئی، امریکا اور اس کیساتھ جو ممالک ہیں ان کی ابھی تک فتح دور دور تک نہیں۔

ان کا کہنا تھا ہماری سویت یونین کے ساتھ کوئی جنگ نہیں تھی، امریکہ افغانستان میں شکست کھا چکا، بھاگنے کا راستہ ڈھونڈ رہا ہے،فاٹا میں امن کی واپسی تک خاص توجہ کی ضرورت ہے، ان علاقوں میں بارات اور جنازوں پر ڈرون حملے ہوئے، ہم اپنے مفادات کیلئے آزادی کا سودا کر لیتے ہیں، ریاست ماں ہوتی ہے جو زخموں پر مرہم رکھتی ہے۔

سارے پاکستان پر فاٹا کی عوام کا قرض ہے

خواجہ آصف نے کہا ایوان ہماری فوج اور فاٹا کے عوام کی قربانیوں کو یاد کرے ، ہمیں وسائل سابق فاٹاکی بحالی کیلئےاستعمال کرنے چاہئیں، سابق فاٹا نے پاکستان کی فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا، دہشت گردی کیخلاف سابق فاٹا کو سہولتیں دیناہوں گی، سارے پاکستان پر فاٹا کی عوام کا قرض ہے۔