سونامی والوں نے پہلے ایک صوبے کو ڈبویا، اب پورے ملک کو ڈبو رہے ہیں: خواجہ آصف

پشاور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سونامی والوں نے پہلے ایک صوبے کو ڈبویا، اب پورے ملک کو ڈبو رہے ہیں.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ یہاں آتے ہوئے راستے میں بی آرٹی اور 5 ارب درختوں کا سوچ رہے تھے، یہاں آ کر دیکھا تو نہ بی آرٹی مکمل تھا اور نہ 5 ارب درخت موجود تھے۔

انھوں نے کہا کہ 21 سال پہلے پاکستان کو نوازشریف نے ایٹمی قوت بنایا، عالمی دباؤ کے باوجود اربوں ڈالر ٹھکرا کر ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنایا.

انھوں نے حکومت کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ آئی ایم ایف چلے گئے، لیکن خودکشی نہیں کی، نواز شریف پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے قائد کو سزاووٹ کوعزت دینے پر دی جارہی ہے.

مزید پڑھیں: پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والا جیل میں بیٹھا ہے، مریم نواز

خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کو جیل میں بند کیا، لیکن عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے، نواز شریف نے فاٹا کےعوام کو شناخت دی.

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان نے لازوال قربانیاں دیں، کے پی اور سابق فاٹا نے بھی دہشت گردی کی جنگ میں قربانیاں دیں، شہیدوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے.