اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر خارجہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستانی فنکاروں کو بھارت کی طرف دیکھنا بند کرنا ہوگا، انہوں نے بالی ووڈ فلموں کی پاکستان میں ریلیز پر بھی پابندی کا مطالبہ کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ ہم بالی ووڈ کو خیر باد کہہ دیں اور بھارتی اشتہارات پر بھی مکمل پابندی عائد کردیں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانے اور بھارت کو مضبوط پیغام دینے کے لیے ہمارے فنکاروں کو بھی چاہیے کہ وہ بالی ووڈ کی طرف دیکھنا بالکل چھوڑ دیں۔
مزید پڑھیں: سپر اسٹار علی ظفر کی حب الوطنی نے بھارت کو آگ بگولا کر دیا
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گزشتہ ماہ ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے بعد اعلان کیا تھا کہ مستقبل میں کوئی بھی بھارتی فلم پاکستان میں ریلیز نہیں کی جائے گی۔
علاوہ ازیں پاکستانی فنکاروں نے بھی گزشتہ ماہ بھارتی جنگی جنون کے بعد انڈین فلم انڈسٹری کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا تھا، اداکارہ میرا نے دو ٹوک اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ کسی بھی بھارتی فلم یا شو میں کام نہیں کریں گی۔
Time to abandon our love for Bollywood, ban made in India commercials on our electronic media,our actors/singers must restrain desire to seek Indian authentication for their https://t.co/nLGHkEH03H is time we show atleast symbolic solidarity with Kashmiris pic.twitter.com/dVsTdQgPgV
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) March 30, 2019
یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 14 فروری کو کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارت کے فوجی دستے پر خود کش دھماکا ہوا تھا جس میں چالیس سے زائد بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے، مودی سرکار نے حملے کی تحقیقات کے بجائے پاکستان پر الزام عائد کیا تھا اور چند روز بعد پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فنکاروں نے بھارتی انڈسٹری کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا
پاک فضائیہ نے اُسی اثنا ایک بھارتی طیارہ مار گرایا تھا جس کے نتیجے میں انڈین پائلٹ ابھی نندن کو زندہ سلامت حراست میں لیا گیا تھا، بعد ازاں خطے میں امن کی خاطر عمران خان نے اُس کی رہائی کا اعلان کردیا تھا۔
دنیا بھر میں وزیراعظم کے جذبہ خیر سگالی کی تعریف کی گئی تھی جبکہ بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں نے جب عمران خان کے فیصلے کو سراہا تو بھارتی شائقین تلملا اٹھے تھے۔