’لاپتہ افراد کا رونا رونے والے دہشت گردی کے پیچھے ہیں‘

خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کا رونا رونے والے دہشت گردی کے پیچھے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے گا، ماہ رنگ بلوچ اور باقی لوگ اسلام آباد آکر دھرنا دیتے ہیں لیکن جو بلوچستان میں مزدوروں کے ساتھ ہوا اس پر خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈبل اسٹینڈرڈ ہے، اپنے لیے بولتے ہیں اور پنجابیوں کے لیے کچھ نہیں۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنادیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں بتایا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں نے بزدلانہ حملے کیے، 25 اور 26 اگست کی رات دہشتگردوں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حملے کیے، بزدلانہ کارروائیوں میں موسیٰ خیل، قلات اور لسبیلہ میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسزکی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گردہلاک جبکہ آپریشن کے دوران 14 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی کیساتھ ناکام بنایا، کارروائیوں کا مقصد بلوچستان کے پُرامن ماحول اور ترقی کو متاثر کرنا تھا۔