علی امین گنڈا پور کے اداروں پر الزامات، کیا کوئی بڑا ایکشن ہونے جارہا ہے؟

اسلحہ شراب برآمدگی کیس: علی امین گنڈاپور کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور اداروں پر علی امین گنڈا پور کی تنقید کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوامیں پولیس نےبھی دہشت گردی کیخلاف قربانیاں دیں، خیبرپختونخوامیں فوج نے جتنی شہادتیں اٹھائیں سب کومعلوم ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی ذمہ داری اداروں پر ڈالنا غلط بات ہے، علی امین گنڈاپور کے لیڈر نے دہشت گردوں کو کےپی میں بسایا تھا، ان کے لیڈر بارڈر سے لوگوں کو لائے اور شہروں میں بسایا تھا۔

انھوں نے کہا کہ علی امین نے وفاقی حکومت اوراداروں پرتنقیدکی ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ان کو ضرور جواب دیا جائے گا۔

عمران خان سے متعلق سوال پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جتنی غلطیاں کیں، کسی سول حکمران نے نہیں کیں وقت آگیا پاکستان کو بانی کی طرز سیاست سے پاک کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے اندورونی معاملات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ کے پی کے دوسرے علاقوں میں دیکھ لیں کیا ہو رہا ہے، پی ٹی آئی کے اپنے لوگ علی امین اور ان کی قیادت پر تنقید کر رہے ہیں ، پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ان پر دو نمبری کے الزامات لگا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ علی امین میٹنگز میں وہ گفتگو کرتے ہیں جو بیان نہیں کرسکتا، ان کی گفتگو سن کر وزیراعظم کو کہنا پڑا کہ خوشی ہورہی ہے، وہ اندر کچھ بات کرتے ہیں اور باہر کچھ گفتگو کرتے ہیں، ان جیسے لوگوں کے بیانات کو نظر انداز کرنا چاہیے، ایسے لوگوں کی گفتگو پر ان کی اپنی جماعت یقین نہیں کرتی۔