اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایوان صدر میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے پاؤں پکڑتے رہے۔
نجی نیوز چینل کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 9 مئی واقعات کے سرغنہ ہیں، پی ٹی آئی حکومت میں فوجی عدالتوں میں کیسز چل سکتے ہیں تو اب کیوں نہیں؟ نہیں سمجھتا 9 مئی کا بیانیہ پٹ گیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قمر جاوید باجوہ بہت بڑے فنکار تھے لیکن تاریخ فیصلے کرے گی کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق آرمی چیف میں سے کون کسے بے وقوف بنا رہا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2013 اور 2018 میں اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو سپورٹ ملتی رہی، بانی پی ٹی آئی جس چیز سے گزرے اس کے باوجود قمر جاوید باجوہ کی توسیع کی کوشش کرتے رہے، وہ ایوان صدر میں سابق آرمی چیف کے پاؤں پکڑتے رہے۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ سابق صدر مملکت عارف علوی کی موجودگی میں مدت ملازمت میں توسیع کیلیے ایسی حرکتیں ہوتی رہیں، اقتدار کی ہوس انسان کو انسان بھی رہنے نہیں دیتی، اقتدار میں رہ کر توازن رکھنا ولیوں کا کام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت مختلف محاذ پر اسٹیبلشمنٹ کی پوری سپورٹ سے چل رہی ہے، ملک کو درپیش محاذ میں معیشت پہلے نمبر پر ہے، معیشت کے تمام رخ پر اسٹیبلشمنٹ حکومت سے تعاون کر رہی ہے، سویلین حکومت اور اسٹیبلشمنٹ میں مکمل ہم آہنگی ہے۔
ٹاک شو میں خواجہ آصف نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف بڑھا چڑھا کر بیان نہیں کر رہے لیکن آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا حقیقی تعاون ہے۔