اسلام آباد : وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکا ایسی صورتِحال میں نہ دھکیلے جہاں پاکستان کو مشکل انتخاب کرنا پڑے۔
تفصیلات کے مطابق وزیردفاع خواجہ آصف نے امریکی جریدے نیوز ویک کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا بھارت تعلقات سے کوئی اعتراض نہیں، بس پاکستانی مفادات کو ٹھیس نہ پہنچے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکا ایسی صورتِحال میں نہ دھکیلے جہاں ہمیں مشکل انتخاب کرناپڑے، ہمسایہ ملکوں چین، ایران، افغانستان اور بھارت سے بہتر تعلقات اور خطے میں امن چاہتے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاک امریکا تعلقات کو اہمیت دیتےہیں اور اس کو پروان چڑھانا چاہتےہیں۔
9 مئی کے واقعات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پرتشدد سیاست کا آغاز چیئرمین پی ٹی آئی نے کیا، پہلے کبھی فوجی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا گیا، ،نو مئی کوپلاننگ کے تحت فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایاگیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق خواجہ آصف نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی سیاستدانوں سے بات نہیں کرنا چاہتے اوراسٹبلشمنٹ کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں، ایسا مغرورشخص ملکی سیاست میں زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت معاشی بدحالی اور عدم استحکام کا شکار ہے، پاکستان میں معاشی استحکام ہونے تک سیاسی استحکام بھی نہیں آ سکتا، معاشی استحکام ہو تو مسائل سے بہترنمٹ سکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کا عمل شفاف بنائیں گے اور نفرت کی بنیاد پر سیاسی اختلاف ختم کرائیں گے۔