کراچی: خواجہ شمس الاسلام قتل کیس کے اہم سہولت کار خیبرپختونخوا سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم حسن نے مبینہ قاتل عمران آفریدی کے فرار میں مدد فراہم کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے ساؤتھ پولیس کی خفیہ اطلاع پر خیبرپختونخوا میں کارروائی کرتے ہوئے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل میں ملوث اہم سہولت کار حسن کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم حسن نے مبینہ قاتل عمران آفریدی کے فرار میں مدد فراہم کی تھی اور قتل کے بعد اپنی گاڑی میں بٹھا کر اسے بائی روڈ کراچی سے خیبرپختونخوا لے گیا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم حسن کی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی ہے، ملزم کو ٹیکنیکل بنیادوں پر گرفتار کیا گیا اور اسے جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : کراچی: سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام قتل کیس میں اہم پیشرفت
یاد رہے انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس السلام کے قتل کے مقدمے میں عمران آفریدی سمیت 8 ملزمان کو مفرور قرار دیتے ہوئے مفرور ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت دی تھی۔
خیال رہے گذشتہ روز کراچی پولیس نے ایڈووکیٹ ناصر ملک کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم محسن کو گرفتار کیا تھا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم مقتول کا رشتہ دار ہے اور واقعہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
ایڈووکیٹ ناصر ملک کو ہفتہ کی رات گرومندر کے قریب ایک اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا اور واقعے کے بعد ایس ایچ او سولجر بازار تھانہ وقار عظیم کو معطل کر دیا گیا۔