بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا جیل سے رہا

بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا

اوکاڑہ: لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت منظور ہونے کے بعد سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔

اینٹی کرپشن عدالت ساہیوال نے خاور مانیکا کی رہائی کی روبکار جاری کر دی۔ ملزم کے وکیل نے اینٹی کرپشن عدالت میں 1 لاکھ کے 2 مچلکے جمع کروائے دیے۔

اینٹی کرپشن نے قبرستان کی جگہ غیر قانونی تعمیرات کیس میں ملزم کو 25 ستمبر کو لاہور سے گرفتار کیا تھا تاہم ان کی گرفتاری کیلیے وارنٹ 14 ستمبر کو جاری ہوا تھا۔

خاور مانیکا کو گرفتار کرنے کی وجہ بتائی گئی کہ قبرستان کی جگہ غیر قانونی تعمیرات کیس میں ملزم کو گرفتار کیا، ملزم نے غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ دکانوں کے پی سی ون جاری کروائے، دکانوں سے اب تک 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد کرایہ وصول کیا جا چکا ہے۔