اسلام آباد: کُل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز کی رہائی کے لیے نیشنل پریس کلب کے باہر پر امن احتجاج کیا گیا، جس میں فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور سول سوسائٹی کے ارکان شریک ہوئے ، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ ز تھامے ہوئے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھاکہ مقبوضہ کشمیر پر ناجائز تسلط قائم کرنے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے دلوں پر حکمرانی نہیں کر سکا ۔ بھارتی فوج کے بد ترین مظالم پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ۔
پڑھیں: ’’ مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی کا 129 واں روز، 14 نوجوان گرفتار ‘‘
مظاہرین کا کہنا تھا کہ خرم پرویز سمیت حریت قائدین کو غیر قانونی طور پر جیلوں اور گھروں پر قید رکھا گیا ہے ۔جو عالمی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے عالمی برادری اور اقوام نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی آواز بلند کرنے والے خرم پرویز اور حریت قائدین کی فوری رہائی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔
مزید پڑھیں: ’’ مقبوضہ کشمیر،یاسین ملک گرفتار،میر واعظ عمر فاروق نظر بند ‘‘