پرتھ ٹیسٹ کے دوران پاکستانی پیسر خرم شہزاد کی گیند لگنے سے آسٹریلوی بیٹر مارنس لبوشین زخمی ہوگئے، ان کی انگلی کا اسکین کروایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق تیسرے دن پرتھ کی پچ میں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے اور بولرز کے لیے باؤنس دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستانی پیسر خرم شہزاد کی گیند پر آسٹریلوی مڈل آرڈر بیٹر مارنس لبوشین کی کانی انگلی پر چوٹ لگی تھی جس کے بعد انھیں انگلی کے اسکین کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
چوٹ لگنے کے بعد ڈاکٹرز اور فزیوتھراپسٹ نے انھیں طبی امداد دی اور لبوشین نے بیٹنگ جاری رکھی تھی، تاہم وہ جلد ہی خرم کی ہی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
دن کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیسر جوش ہیزل وڈ نے بتایا کہ ڈاکٹر اور فزیو ان کی انگلی دیکھ رہے ہیں ان کی انگلی کے کچھ ٹیسٹس کیے جائیں گے۔
میرے خیال میں شاید ان کی انگلی کا اسکین ہو سکتا ہے وہ کافی تکلیف میں دکھائی دے رہے تھے۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے تصدیق کی کہ بیٹر کی مکمل فٹنس رپورت صبح متوقع ہے۔
عثمان خواجہ نے کہا کہ جب لبوشین کو گیند لگی تو مجھے تشویش ہوئی۔ مارنس ایک سخت جان آدمی ہیں۔ جب انھوں نے اپنے گلوز اتارے تو میں قدرے پریشان ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند بھی اسٹیو اسمتھ کے بائیں بازو پر لگی تھی اور چوٹ کی شدت کے باعث اسمتھ کو بھی میدان میں طبی امداد لینا پڑی تھی۔