نگراں وزیر اعظم کیلیے 5 نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے، خورشید شاہ

نگراں وزیر اعظم کیلیے 5 نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے، خورشید شاہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل اور سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کیلیے 5 نام شارٹ لسٹ کر لیے گئے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ کسی پارٹی کا بندہ نگراں وزیر اعظم نہیں ہو سکتا، معلوم نہیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام کیسے سامنے آیا؟

خورشید شاہ نے بتایا کہ 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کی جائے گی یہ طے ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم گزشتہ حکومت کے پروگرام پر کام کر سکیں گے، نگراں وزیر اعظم کسی نئے پروگرام پر کام نہیں کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے صحیح کہا کہ آخری فیصلہ پی ڈی ایم کا ہوگا، امید کرتا ہوں کہ صاف اور شفاف الیکشن ہوں گے ورنہ ملک میں بہتری نہیں ہوگی۔

اس سے قبل اپنے ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا تھا کہ حکومت قومی اسمبلی کی آئینی مدت سے تجاوز نہیں کرے گی، اس ضمن میں قیاس آرائیوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی جدوجہد کرنے والی جماعتیں آئین کی پاسداری کریں گی، اس ضمن میں کسی کو کوئی شک شبہ نہیں ہونا چاہیے، ہم پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ مخصوص ایجنڈے پر آنے والے ملک کو تباہی کی طرف لے جاتے ہیں، ہم نے ظلم برداشت کیا مگر پارٹی چھوڑی اور نہ سیاست چھوڑی، ہمارا رشتہ کسی مفاد سے نہیں بلکہ اس دھرتی کی مٹی سے جڑا ہے۔