’ایمرجنسی لگانا احسن اقدام نہیں ہوگا‘

وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں موجودہ حکومت اپنا دورانیہ بڑھا سکتی ہے لیکن یہ مناسب اقدام نہیں ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ سے سکھر میں بلوچستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی، بلوچستان اور سندھ کے سیکریٹریز آبپاشی شریک تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، 12 یا 13 اگست کو مدت پوری ہونے پر اسمبلی تحلیل ہوگی جس کے بعد نگراں سیٹ اپ آئے گا۔ ایمرجنسی صورت میں موجودہ حکومت اپنا دورانیہ بڑھا سکتی ہے لیکن یہ مناسب اقدام نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو صرف آئی ایم ایف کا مسئلہ درپیش نہیں تھا بلکہ ورلڈ بینک سمیت دیگر معاملات بھی تھے۔ اب معاہدہ ہو جانے کے بعد عوام کو یقینی طور پر ریلیف ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں بلوچستان کے وفد کے خدشات سنے ہیں ان کا حق ہے کہ وہ اپنی بات کریں، بلوچستان کو پانی کے مسائل کا سامنا ہے۔ اس ماہ دو ہزار کیوسک پانی بلوچستان کو فراہم کیا جائے گا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ کئی سال بعد تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولے ہیں، آج تربیلا ڈیم کا لیول 12.6 فٹ ہے، ربیع کی فصل کے لیے بھی پانی دستیاب ہے۔