’بانی پی ٹی آئی کی حاضری سے یاد آیا نوازشریف کی مقروض عدلیہ بھی ہے‘

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آج بانی پی ٹی آئی کی حاضری دیکھی تو یاد آیا نوازشریف کی مقروض تو ہماری معززعدلیہ بھی ہے۔

ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ منصف کامزاج، شخصیات کی پسند ناپسند ، یہ سب انصاف  کے حصول پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اثرانداز ہونے پر انصاف نہیں ہوگا بددیانتی ہو گی جو انصاف کا قتل کہلائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اس کی سرپرست عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ نے جو کیا وہ شرمناک سیاہ باب ہے اب مکافات عمل کی گرفت میں آئے تو نواز شریف پر پابندی یاد آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی حاضری دیکھی تو یاد آیا نوازشریف کی مقروض تو ہماری معززعدلیہ بھی ہے بانی پی ٹی آئی کے حقوق یاد رکھنے والوں کو عدلیہ کے ماضی کے مظالم کا ازالہ بھی کرنا چاہیے۔

قبل ازیں قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کسی وقت بھی سیکیورٹی خدشہ ہو سکتا ہے داسو میں جو واقع ہوا وہ گاڑی 10دن پاکستان میں گھومتی رہی، یہاں پر کسی کو بھی کوئی بندہ اندر داخل کرا سکتا ہے کوئی نہ کوئی اپنے ساتھ ایک بندہ اندر لاتا ہے ایوان میں سیکیورٹی خدشات ہیں پابندی لگائی جائے۔