آئین کی جو بھی خلاف ورزی کرے، اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی، عارف علوی اور قاسم سوری نے آئین توڑا اور آئین کی جو بھی خلاف ورزی کرے اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملکی سالمیت کے خلاف جا رہی ہے۔ اس کا مقصد صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہے۔ 9 مئی کو شہدا کی توہین کی گئی، اس دن جو کچھ ہوا وہ براہ راست پاکستان پر حملہ اور ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔ پاکستان ہے تو ہماری آنے والی نسلیں ہیں، لیکن یہ کہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی نہیں تو ملک نہیں۔ روزانہ سیاست، سیاست کھیلا اور پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، عارف علوی اور قاسم سوری نے آئین توڑا اور آئین کی جو بھی خلاف ورزی کرے اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے والوں کیخلاف کارروائی لازمی ہونی چاہیے۔ میرے اوپر آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے تو کسی اور پر کیوں نہیں۔ نظریہ ضرورت ایجاد کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگائیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کل عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی بات کی ہے۔ اس پر پارلیمنٹ میں اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آئین میں تمام اداروں کی حدود اور اختیار متعین ہے لیکن سیاست، سیاست کھیلنے سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔ ہم سائل بن کر عدالتوں میں جاتے تھے لیکن ہمیں انصاف نہیں ملتا تھا جب کہ پی ٹی آئی نے عدالت سے جو فیصلہ مانگا بھی نہیں انہیں وہ فیصلہ دے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش ہوئی۔ نواز شریف کی حکومت کے ساتھ کیا گیا، وہ سب کو معلوم ہے۔ آج دھاندلی کی بات کرنے والوں کو 2018 کا الیکشن نظر نہیں آیا، جس کے 4 دن تک رزلٹ ہی نہیں آئے تھے۔ اس وقت عدلیہ نے ان باتوں کا نوٹس کیوں نہیں لیا۔

وزیر دفاع نے واضح کیا کہ آئین اور قانون سازی کا اختیارصرف پارلیمنٹ کے پاس ہے اور عدلیہ آئین و قانون کی تابع ہوتی ہے، لیکن باقاعدہ ایجنڈے کے تحت کام ہو رہا ہے۔

ملک میں 26 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔ جیلوں میں قید لوگ اپنی اپیلوں کا انتظار کر رہے ہیں لیکن لیکن ہمارا عدالتی نظام 9 مئی کو شہدا کی توہین کرنیوالوں کا دفاع کر رہا ہے۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ تاریخ دیکھ لیں عدالتوں نے کیسےفیصلے کیے، کسی جج پر توہین عدالت لگی؟ جن کے فیصلوں کی وجہ سے ملک ایڑیاں رگڑ رہا ہے ان کو قبروں سے نکالیں۔ رول آف لا کے انڈیکس میں پاکستان کا 32 واں نمبر ہے، اس انڈیکس کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ دہشت گردی کے پی میں ہو رہی ہے جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے لیکن وہ آپریشن کی مخالفت کر رہی ہے۔ کیا عدلیہ کو یہ سب نظر نہیں آ رہا۔ اندرونی اور بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ آپریشن عزم استحکام کامیاب ہو۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھٹو کو پھانسی دی گئی اور نواز شریف کو پھانسی کی سزا سنائی گئی۔ عدالت کے ماورا فیصلوں پر کسی کو سزا ملی؟ سیاستدانوں کو اتنا کمزور نہ سمجھا جائے، ہم قوم اور وطن کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ تمام ادارے موجوہ حالات میں ملک کو مستحکم کریں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ مل کر لڑنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا سے صرف ایک درخواست ہے وہ غزہ پر بھی تشویش کا اظہار کرے۔