خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں 17 سے 19 اگست تک شدید بارشوں کا امکان

بارش 8واں اسپیل

کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں 17سے 19 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد میں 17 سے 19 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں 17 سے 21 اگست تک موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 17 سے 21 اگست تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ پڑھیں: سیلابی صورتحال ، پاکستان بھر میں 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن فعال کردی گئی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کا سفر مؤخر کرنے اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے سیلاب اور بارشوں سے متاثر اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

محکمہ ریلیف و آبادکاری خیبرپختونخوا نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق بارش و سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 31 اگست تک ایمرجنسی نافذ ہے۔

اعلامیے کے مطابق سوات، بونیرم، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، دیراپر، دیر لوئر، بٹگرام میں ایمرجنسی کا نفاذ ہوگا، متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فوری امدادی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ علاقوں کو امدادی سامان کی فراہمی جاری ہے، کے پی میں بارشوں اور فلش فلڈنگ سے اموات کی تعداد 308 تک پہنچ گئی ہے۔