بھارتی اداکار کے 50 روپے کے نوٹ نے مداح کو فلم پروڈیوسر بنا دیا

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری حقیقی دل چسپ اور عجیب کہانیوں سے بھری ہوئی ہے، ایسی ہی ایک کہانی فلم پروڈیوسر جگی کی بھی ہے جو ایک دل چسپ واقعے پر مبنی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کِچا سُدیپ کے 50 روپے کے نوٹ نے ان کے ایک مداح کی زندگی بدل دی تھی، یہ مداح بعد میں بھارتی فلم انڈسٹری میں پروڈیوسر جگی کے نام سے مشہور ہوا۔

جگی نے یہ واقعہ اپنی فلم کی پروموشن تقریب کے دوران سنایا اور کہا کہ کِچا سُدیپ کے پچاس کے نوٹ نے ان کی قسمت بدل دی تھی۔

ہوا یوں تھا کہ کِچا سُدیپ 17 برس قبل اپنے ایک مداح سے بنگلور میں ایک سینما کے باہر ملے، اُس وقت سدیپ نے ناشتہ نہیں کیا تھا، جب ان کے ایک زبردست مداح ان کے پاس آئے تو سدیپ نے اسے کچھ پیسے دیے اور ناشتہ لانے کا کہا۔

مداح کے لیے یہ بہت خوشی کا مقام تھا، وہ سڑک پار کر کے گیا اور اپنے پسندیدہ اداکار کے لیے اڈلی اور چٹنی لے آیا، سدیپ نے اسے بھی کھانے کی پیش کش کی لیکن اس نے یہ سوچ کر شائستگی سے انکار کر دیا کہ وہ ایک مداح ہے۔

سدیپ نے اس پر مداح کو 50 روپے کا نوٹ دے دیا اور کہا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق کھا لے، تاہم مداح نوٹ لینے کے بعد مخمصے کا شکار ہو گیا کہ وہ اسے خرچ کرے یا اپنے پاس سنبھال کر رکھ لے، کافی شش و پنج کے بعد اس نے نوٹ بٹوے میں محفوظ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ مداح بعد میں فلمی صنعت میں پروڈیوسر بن گئے جسے ہم آج جگی کے نام سے جانتے ہیں۔