اغوا کاروں نے رقم چلتی ٹرین سے نیچے گرا کر وصول کی، بچہ واپس نہیں کیا، افسوسناک واقعہ

ملتان: ملتان کے علاقے مخدوم رشید سے تاوان کے لیے اغوا کیے جانے والے 12 سالہ بچے کو تاوان کی رقم ادا کرنے کے باوجود بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے مخدوم رشید میں 12 سالہ بچے کو 13 لاکھ روپے وصول کرنے کے باوجود قتل کر دیا گیا، اغوا کاروں نے بچے کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش گٹر میں پھینک دی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شک کی بنیاد پر ایک اغوا کار کو گرفتار کیا گیا، جس کی نشان دہی پر گٹر سے بچے کی لاش برآمد کی گئی، بچے کی گردن سے لوہے کی تار بندھی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق اغوا کاروں نے تاوان کی رقم چلتی ٹرین سے نیچے گرا کر وصول کی، تاہم بچہ واپس نہیں کیا، اغوا میں ملوث ایک ملزم گرفتاری کے بعد دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے شروع کر دیے گئے ہیں۔