کراچی میں پتنگ کی قاتل ڈور ایک ہفتے میں دو افراد کی جان لے گئی

کراچی: شہر قائد میں پتنگ کی قاتل ڈور سے ایک ہفتے میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، گزشتہ روز اورنگی جاتے ہوئے اے آر وائی نیوز سے وابستہ صحافی خیراللہ عزیز بھی ڈور پھرنے سے زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پتنگ بازی کے دوران قاتل ڈور سے شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ روز اے آر وائی سے وابستہ صحافی بھی نشانہ بن گئے۔

ایک کے بعد ایک واقعات سے پولیس کو آخر کار ہوش آ گیا، اورنگی میں کارروائیاں کر کے پتنگ اور ڈور بیچنے والوں اور اڑانے والوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری طرف گرفتار ملزمان معصوم بن گئے ہیں، ایک ملزم کا کہنا تھا کہ میری پتنگ کٹ کر گری، دوسرے نے بتایا میں کٹی پتنگ پکڑ رہا تھا کہ پولیس نے پکڑ لیا۔

یہ بھی پڑھیں:  کراچی: بنارس پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے شہری کا گلا کٹ گیا

یاد رہے کہ 23 اکتوبر کو کراچی کے علاقے بنارس چوک کے پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے اورنگی ٹاؤن کا رہایشی شہروز جان زندگی کی بازی ہار گیا تھا، متوفی موٹر سائیکل پر بھائی کے ساتھ جا رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا، متوفی کے بھائی نے بتایا کہ بنارس پل پر عبداللہ کالج کے قریب اچانک ڈور گلے پر پھر گئی، بھائی نے ڈور کو کھینچا تو گردن سے خون بہنا شروع ہو گیا۔

گزشتہ روز 6 سالہ بچہ بھی قاتل ڈور کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، بچہ موٹر سائیکل پر اپنے والدین کے ہم راہ جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور سے گلا کٹ گیا، اور اس نے والدین کے ہاتھوں ہی میں دم توڑ دیا۔

رواں برس فروری میں بھی کراچی میں پتنگ کی ڈور سے دو گلے کٹ گئے تھے، جن میں سے سعدی ٹاؤن کا رہائشی ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا، جب کہ جہانگیر روڈ کے واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا تھا۔