کراچی: شہر قائد کے مختلف اضلاع میں انسداد تجاوزات سیل نے کارروائیاں کرتے ہوئے 500 سے زائد پتھارے، کیبن، اسٹال اور کرسیاں ضبط کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) انسداد تجاوزات سیل نے طارق روڈ پر فٹ پاتھ پر واقع پانی کا ٹینک توڑ دیا گیا، مزاحمت پرپولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب انسداد تجاوزات سیل نے کارروائی کے دوران لیاقت آباد میں فٹ پاتھ پر زیر تعمیر دکانیں مسمار کردیں۔
کراچی کے علاقے صدر میں انسداد وتجاوزات سیل نے پتھارے ہٹانے کے دوران مزاحمت پر 4 افراد کو گرفتار کرلیا، کارروائی کے دوران 500 سے زائد پتھارے، کیبن، اسٹال اور کرسیاں ضبط کر لیں۔ آپریشن کے دوران درجنوں دکانوں کے اضافی حصوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے کھارادر میں انسداد تجاوزات سیل نے دکان داروں کی جانب سے فٹ پاتھ پر رکھے گئے پان کے کیبن، ہوٹل اور کرسیوں سمیت دیگر سامان تحویل میں لیا تھا۔
انسداد تجاوزات سیل کے حکام کا کہنا تھا کہ پورے شہر میں فٹ پاتھ پر سامان رکھنے کی کہیں پر بھی اجازت نہیں ہے، دکان دار باہر سامان رکھ کر اپنا نقصان نہ کریں۔