کوہاٹ : نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پکنک منانے کے لیے آنے والے 7 دوستوں کو قتل کردیا، ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اے آر وائی نیوز کوہاٹ کے نمائندے عنایت اللہ اورکزئی کی رپورٹ کے مطابق کوہاٹ کے علاقے ریگی شینو خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جو پکنک منانے کے بعد واپس گھر جارہے تھے کہ انہیں جان سے مار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس حوالے سے کوہاٹ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق خڑہ گڑھی محمد زئی سے ہے، واقعے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں ہوسکا ہے البتہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔