پشاور: کوہستان کرپشن اسکینڈل میں نئے تین ملزمان بینک کیشئر مشرف، آڈیٹر اے جی آفس عالم زیب اور کنٹریکٹر شفیق کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کا انکشاف سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق کوہستان کرپشن اسکینڈل میں مزید تین ملزمان کے نام سامنے آگئے ہیں۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ بینک کیشئر مشرف، آڈیٹر اے جی آفس عالم زیب اور کنٹریکٹر شفیق کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا ملزمان کے بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 2 ارب 3 کروڑ روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن کی گئی، جبکہ آڈیٹر عالم زیب کے بھائی کے اکاؤنٹ میں بھی کروڑوں روپے منتقل ہوئے۔
نیب نے احتساب عدالت پشاور میں ملزمان کے بینک ریکارڈ پیش کردیے ہیں۔ عدالت نے تینوں ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں میں کل تک توسیع کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان گزشتہ روز نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تھے اور پلی بارگین کے لیے بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔
مزید پڑھیں : کوہستان کرپشن کیس میں نئے انکشافات، بڑے نام بے نقاب ہوگئے
یاد رہے کوہستان کرپشن کیس میں گرفتار کنٹریکٹر محمد ایوب نے دوران تفتیش اعظم سواتی سمیت دیگر بااثر افراد سے ڈیلز کا انکشاف کیا تھا۔
بعد ازاں نیب نے کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے کے اثاثے برآمد، گاڑیاں، سونا اور نقدی ضبط کرلی۔
نیب نے کارروائی کے دوران 25 ارب روپے مالیت کے اثاثے برآمد اور منجمد کیے گئے، ایک ارب سے زائد نقد رقم، غیرملکی کرنسی، تین کلو سونا برآمد کرکے ضبط کرلیا گیا تھا جبکہ ؤ 73 بینک اکاؤنٹس منجمد، 5 ارب روپے کی رقم برآمد کی، 77 لگژری گاڑیوں کی کل مالیت 94 کروڑ روپے سے زائد ہے۔