کوہلی صفر پر آؤٹ، سوشل میڈیا پر ٹرولنگ

ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی صفر پر آؤٹ ہوئے تو سوشل میڈیا پر انہیں ٹرول کیا جانے لگا۔

ورلڈ کپ میں نا قابل شکست بھارت نے گزشتہ روز میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو ہرا کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا تاہم میزبان ٹیم نے جب پہلے بیٹنگ شروع کی تو تباہ کن آغاز ہوا۔

بھارت کے 40 رنز پر تین ٹاپ آرڈر بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے جن میں سابق کپتان ویرات کوہلی بھی شامل تھے جو 9 گیندیں کھیلنے کے باوجود اپنا کھاتہ نہ کھول سکے اور صفر پر ویلے کی وکٹ بنے۔

رواں میگا ایونٹ میں 370 سے زائد رنز بنانے والے بیٹر کے کا ورلڈ کپ میں صفر پر وکٹ گنوانا رواں سال پہلی بار ڈک آؤٹ تھا جس کا غصہ انہوں پویلین میں جا کر صوفوں پر مکے مار کر بھی نکالا۔

تاہم اس طرح آؤٹ ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر انگلینڈ کی بارمی آرمی نامی اکاؤنٹ سے ویرات کوہلی کو ٹرول کیا گیا اور کئی میمز شیئر کی گئیں۔

ایک صارف نے گزشتہ میچ میں ان کی سنچری کے حوالے سے ایک تنقیدی پوسٹ بھی شیئر کر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز میچ میں انگلینڈ نے بھارت جیسی مضبوط بیٹنگ لائن والی ٹیم کو 229 رنز پر محدود کر دیا تھا تاہم جواب میں خود انگلش بیٹر ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور 129 رنز پر ڈھیر ہو کر 100 رنز کی شکست کی ہزیمت سے دوچار ہوئے۔