ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار ہریتک روش اور اداکارہ پریتی زنٹا کی مشہور زمانہ فلم ’کوئی مل گیا‘ کو دوبارہ سنیما گھروں میں ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ’کوئی مل گیا‘ سائنس فکشن فلم ہے جو سال 2003 میں ریلیز کی گئی تھی۔ اسے نہ صرف بڑوں جبکہ بچوں کی جانب سے بھی کافی پسند کیا گیا تھا۔
فلم کو راکیش روشن نے پروڈیوس کیا تھا جو ہریتک روشن کے والد ہیں۔ سنیما کمپنیوں پی وی آر اور آئنوکس نے راکیش روشن سے رابطہ کیا اور اس کی دوبارہ ریلیز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
راکیش روشن نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ سنیما کمپنیاں ’کوئی مل گیا‘ کی 20ویں سالگرہ منانے کیلیے مجھ سے رابطہ کیا اور فیصلہ ہوا ہے کہ اسے 4 اگست کو دوبارہ نمائش کیلیے پیش کیا جائے گا۔
معروف پروڈیوسر نے کہا کہ امید ہے کہ فلم کی دوبارہ ریلیز سے شائقین کی پرانی یادیں تازہ ہو جائیں گی، ہم نے اس فلم کو 2003 میں 8 اگست کو ریلیز کیا تھا۔
’کوئی مل گیا‘ میں ہریتک روشن اور پریتی زنٹا نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔ فلم میں ریکھا، پریم چوپڑا اور جانی لیور بھی اسکرین پر جلوہ گر ہوئے تھے۔
سائنس فکشن فلم میں ہریتک روشن کو ذہنی طور پر کمزور دکھایا گیا۔ اداکار کی دوستی ایک ایلیئن (Alien) سے ہوتی ہے جو انہیں حیران کن صلاحیتوں سے نوازتا ہے۔