کلکتہ ٹرینی ڈاکٹر زیادتی و قتل، ملزم کی ساس کا اہم انکشاف

کلکتہ میں ٹرینی ڈاکٹرکا زیادتی کے بعد قتل کے معاملے کی تحقیقات اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں ملزم کی ساس کی جانب سے بھی ایک مطالبہ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملزم سنجے رائے کی ساس درگا دیوی نے مزید لوگوں کے شامل ہونے کا اشارہ دے دیا جبکہ اپنے داماد کو سزائے موت دینے کا بھی مطالبہ کردیا ہے۔

ملزم سنجے رائے کی ساس کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس گھناؤنے جرم میں مزید لوگ ملوث ہوسکتے ہیں کیونکہ ان کے مطابق سنجے یہ سب اکیلے نہیں کرسکتا۔

ملزم کی ساس نے انکشاف کیا کہ داماد کا بیٹی کے ساتھ رشتہ بھی ہمیشہ تناؤ کا شکار رہا، یہی وجہ ہے کہ بیٹی کے ساتھ مار پیٹ کرنے پر داماد کے خلاف پولیس میں درخواست بھی جمع کرواچکی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں جرم کے بارے میں بات نہیں کروں گی، ”سنجے اچھا آدمی نہیں ہے۔ اسے پھانسی دو یا جو کرنا ہے کرو۔ لیکن وہ اکیلا یہ کام نہیں کر سکتا تھا۔”

واضح رہے کہ 9 اگست کو کلکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال میں 31 سالہ پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کا واقعہ رونما ہوا تھا، وہ اسپتال کے سیمینار ہال میں چہرے پر زخموں کے ساتھ مردہ حالت میں ملی تھی۔

درجنوں طالبات کی عصمت دری کرنیوالے مجرموں کو عدالت نے کیا سزا سنائی؟

پولیس نے خاتون ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کے الزام میں واقعے کے ایک روز بعد سنجے رائے کو حراست میں لے لیا تھا۔