وزن کم ہونے پر ’سوکھی‘ کہا جاتا تھا، کومل میر

اداکارہ کومل میر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں وسزن کم ہونے پر سوکھی کہا جاتا تھا اور اب وزن بڑھا لیا تو سرجری کے الزامات لگ گئے ہیں۔

ویب شو میں اداکارہ کومل میر نے شرکت کی جس میں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ ڈرامہ سیریل ’اے دل‘ میں آپ کا وزن کبھی کم نظر آیا تو کبھی آپ کا وزن بڑھتا ہوا دکھایا گیا یہ سلسلہ کیا ہے؟

جواب میں اداکارہ نے کہا کہ میں ہمیشہ سے ہی اپنا وزن بڑھانا چاہتی تھی کیونکہ سیٹ پر بھی کم وزن کو لے کر باڈی شیمنگ کی جاتی تھی۔

کومل میر نے کہا کہ کوئی کہتا تھا کہ ہینگر پر کپڑے لٹکے ہوئے ہیں کوئی سوکھی کہتا تھا۔

انہوں نے ایک بار پھر اس تاثر کو مسترد کیا کہ انہوں نے کوئی میک اپ یا پلاسٹک سرجری کروائی ہوئی ہے۔

اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وزن بڑھنے سے قبل ان کا وزن بہت کم تھا، وہ ’انڈر ویٹ‘ تھیں جب کہ وہ ’ایٹنگ ڈس آرڈر‘ کا بھی شکار تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز میں آنے سے قبل ہی وہ کم وزن اور کھانے پینے کے مسائل کا شکار تھیں لیکن انہوں نے ان مسائل پر کبھی توجہ نہ دی تھی، تاہم شوبز میں آنے کے بعد وہ پریشان ہوئیں اور سوچتی رہتی تھیں کہ کیسے وہ اپنا وزن بڑھائیں۔

کومل میر کے مطابق وزن بڑھنے پر انہوں نے خود کو بہتر اور اچھا محسوس کیا، انہوں نے دیکھا کہ ان کا چہرہ بھی اچھا ہوچکا ہے، ان کے چہرے سے سیاہ دھبے بھی غائب ہو چکے تھے اور خود کو بھی پہلے سے زیادہ خوبصورت لگنے لگی تھیں اور بہت خوش تھیں۔