خیرپور میں کوٹ ڈیجی میوزم سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، قلعہ سے متصل تعمیر کیے جانے والے میوزیم میں دور قدیم سے لے کر حالیہ زمانے کی رہائشی سہولیات کو مجسموں کی صورت میں دکھایا گیا ہے۔
تاریخ صرف کتابوں کا نام نہیں کچھ عمارتیں بھی ہیں جو اپنی مثال آپ ہیں۔ کوٹ ڈیجی کے اس میوزیم میں ماضی آج بھی ان خوبصورت مجسموں کی صورت میں زندہ ہے۔
سندھ کی ثقافت ایک ایسا خزانہ ہے جس کی چمک اور شفافیت آج بھی قائم ہے، اس میوزیم کی خاص بات بھی یہی ہے کہ یہ ماضی کے دریچوں کو کھولتا ہے۔
یہاں آنے والے سیاح ماضی کے جھروکوں میں گم ہوجاتے ہیںم اس میوزیم میں موہن جو دڑو اور کوٹ ڈیجی کے آثار قدیمہ سے دریافت ہونے والی سیکڑوں اشیاء موجود ہیں۔ ان نایاب اشیاء میں مٹی کے برتن، سکے مختلف اشکال کے قیمتی پتھر اور مجمسمے موجود ہیں۔
اس عجائب گھر میں ماڈلز کے ذریعے سندھ کی ثقافت اور پتھر کے زمانے کے آریا دور کی منظر کشی بہت بہترین انداز سے کی گئی ہے۔
حکومت اگر کوٹ ڈیجی کی تاریخ سے متعلق نئی نسل کو آگاہی فراہم کرے تو ملک میں سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔