پشاور: ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پائلٹ سمیت پانچ اہلکاروں کی میتیں پشاور پہنچا دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پائلٹ سمیت پانچ اہلکاروں کی میتیں پشاور پہنچا دی گئیں۔
سرکاری حکام نے بتایا کہ دو شہدا کا تعلق لاہور، ایک کا تلہ گنگ جبکہ دو شہدا کا تعلق ایبٹ آباد اور صوابی سے ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ضروری کارروائی کے بعد میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کی جائیں گی، جہاں شہدا کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
یاد رہے باجوڑ کے لیے امدادی سامان لے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا تھا اور حادثے میں دو پائلٹس سمیت عملے کے پانچ اہلکار شہید ہوگئے تھے.
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبے بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کہ شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ ہمارے اصل ہیروز ہیں، ان کی قربانی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔