خیبر پختونخوا میں کتنے سیلاب متاثرین کو امدادی چیک ملے؟ اعداد وشمار سانے آ‌گئے

پشاور (26 اگست 2025): خیبر پختونخوا میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے کتنے متاثرین میں امداد تقسیم کی جاچکی ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتا دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا میں تاریخ کے تباہ کن سیلاب سے 400 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے درجنوں اب بھی لاپتہ ہیں۔ کے پی حکومت نے متاثرین کے لیے 4.4 ارب روپے کی رقم جاری کر دی ہے۔

اب تک کتنے متاثرین کو امداد فراہم کی گئی اور باقی متاثرین کو چیک کیوں نہیں ملے، اس حوالے سے ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اعداد وشمار بتا دیے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک نے بتایا کہ کے پی میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے جاں بحق 406 افراد میں سے 332 کے ورثا کو امدادی چیکس دے دیے گئے ہیں۔ جو متاثرین باقی رہ گئے ہیں، انہیں چیکس کی فراہمی میں کچھ تیکنیکی مسائل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اتوار تک تمام سیلاب متاثرین کو چیکس دے دیے جائیں گے۔ کے پی حکومت نے 2.4 ارب روپے پہلے اور مزید 2 ارب روپے آج جاری کیے ہیں۔ ان میں سے 3790 ملین روپے متاثرہ اضلاع کو ٹرانسفر کر دیے ہیں۔ ڈی آئی خان اور باجوڑ کو 100، 100 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔

اسفندیار خٹک نے کہا کہ خوراک کی مد میں 15 ہزار فی خاندان دیا جا رہا ہے۔ خوراک کی مد میں 70 ہزار خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے گا، اور اب تک باجوڑ میں 9 ہزار 165 افراد کو خوراک کی مد میں معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مکمل تباہ 598 گھروں میں سے 36 کے مالکان کو معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/gilgit-baltistan-flood-victims-approved-of-rs-3-billion/