صوابی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ سمجھ نہیں آتا کے پی میں اتنی تباہی کے باوجود وفاقی حکومت اتنی غفلت کیوں برت رہی ہے؟
صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب میں نقصانات اٹھانے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
اسد قیصر نے کہا کہ صوبائی حکومت سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کا کام احسن طریقے سے کررہی ہے، جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز درپیش ہیں جس کے باعث مسلسل آفات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ ورلڈ بینک نے کلاؤ ڈبرسٹ کے پیش نظر موسمی ریڈارز کیلئے فنڈز فراہم کیے تھے، 3سال سے موسمی ریڈارز کے ٹینڈرز ہی مکمل نہیں ہوسکے۔
اسد قیصر نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا وفاقی حکومت اتنی غفلت کیوں برت رہی ہے، اس معاملے پر اسمبلی میں سوال اٹھاؤں گا اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کروں گا۔
ہمارے صوبے کو دہشت گردی کا بھی سامناہے، یہاں کے لوگ معاشی بدحالی کا شکار ہورہے ہیں، کاروبار بند ہورہے ہیں، بیروزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ وفاق صوبے کو نیٹ ہائیڈل منافع اور بقایاجات فوری ادا کرے، فاٹا انضمام پر این ایف سی میں3فیصد شیئر کا وعدہ اب تک پورا نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ فاٹا فنڈز نہ ملنے سے صوبہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے، واجب الادا بقایا جات فوری طور پر ریلیز کیے جائیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ سیلاب کے بعد بحالی کے کام مکمل کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے، ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر قومی ایجنڈے پر متحد ہونا ہوگا۔