خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث خصوصی کنٹرول روم قائم

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث خصوصی کنٹرول روم قائم

پشاور (16 اگست 2025): صوبہ خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔

محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا جس کے مطابق بارش اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ جنرل میں کنٹرول روم قائم کیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ کنٹرول روم میں عملے کی خصوصی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں، بارش اور سیلاب پر کنٹرول روم سے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کلاؤڈ برسٹ : کیا بادل پھٹنے کی پیش گوئی کی جاسکتی ہے؟

مزید بتایا گیا کہ تمام فیلڈ دفاتر کو ہنگامی صورتحال میں کنٹرول روم سے رابطے کی ہدایت کر دی گئی۔

گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق این ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات کے باعث صوبے میں 180 افراد، گلگت بلتستان میں 5 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں 23 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے سمیت پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکار امدادی کاروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔

این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے تمام ادارے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

ممکنہ طور پر مزید بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ، شہریوں سے گزارش ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ این ڈی ایم اے نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ اگلے 5 تا6 روز تک شمالی علاقہ جات کے سفر سے گریز کریں۔