خیبرپختونخوا میں سیلاب، سعودی عرب، ترکیہ، روس، برطانیہ و دیگر کا اظہار افسوس

سیلاب

اسلام آباد (17 اگست 2025): پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں تباہ کن سیلاب پر سعودی عرب، ترکیہ، روس، برطانیہ و دیگر ممالک نے اظہار افسوس کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر سعودی عرب، یو اے ای، ایران، ترکیہ، کویت، روس اور برطانیہ نے اظہارافسوس کیا ہے،اور متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ ہیں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تعزیتی پیغام میں کہا ایران پاکستان کے لیے ہر طرح کے تعاون، امداد اور ریلیف کے لیے تیار ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے صدر آصف زرداری کے نام تعزیتی خط میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ اماراتی وزارت خارجہ نے کہا کہ یو اے ای مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے۔

خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

ترک وزارت خارجہ نے بھی سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ کویتی وزیر خارجہ ولی عہد صباح الخالد الصباح نے اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے کہا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور سیلاب سے جانی نقصان پر تعزیت کی، برطانوی وزیر خارجہ نے مشکل وقت میں پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔