خیبر پختونخوا میں سیلابی تباہ کاریاں، متعدد گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے

خیبر پختونخوا میں سیلابی تباہ کاریاں، متعدد گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے

پشاور : خیبر پختونخوا میں سیلابی ریلوں سے متعدد گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے جبکہ مکانات، زرعی اراضی اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، کئی گاؤں اجڑ گئے، مکانات، زرعی اراضی اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ درجنوں جانور اور گاڑیاں بھی پانی کے ریلوں میں بہہ گئیں۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع باجوڑ، لوئر دیر اور دیگر مقامات پر سیلابی ریلوں نے بستیاں اجاڑ دیں، کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں اور راستے بند ہوگئے۔

صوبائی حکومت نے آج صوبے بھر میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔

ادھر بلتستان کے علاقے شگر، کھرمنگ اور گانگچھے میں بھی بارشوں اور سیلاب نے قیامت ڈھا دی، گانگچھے کے علاقے سرمو میں دریا کی سطح بلند ہونے سے سپنشن برج بہہ گیا جبکہ کھرمنگ کے کمنگو نالے کے اطراف میں کئی مکانات اور زرعی زمین تباہ ہوگئی۔

مزیدپڑھیں : خیبرپختونخوا میں قدرتی آفت سے تاریخ کی سب سے بڑی تباہی، 307 افراد جاں بحق

باغیچہ کے مقام پر سیلابی ریلے کہ زد میں آکر آر سی سی پل بہہ جانے کے باعث جگلوٹ سکردو روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے معطل ہوگئے ہیں جبکہ شگر میں کئی کلومیٹر رابطہ سڑکیں اور دیہی علاقوں کا نقشہ بدل کے رکھ دیا ہے

اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں کے باعث واپڈا پاور ہاؤسز کے چینل بند ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی ایک ہفتے سے بار بار متاثر ہو رہی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں آج بھی موسلادھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا انتباہ جاری کیا ہے۔