بلیو ٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے نقل کے واقعات ، تحقیقات کیلئے جےآئی ٹی تشکیل

بلیوٹوتھ ڈیوائس نقل

پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے ایم ڈی کیٹ میں بلیوٹوتھ ڈیوائس کےذریعے نقل کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جےآئی ٹی بنادی۔

تفصیلات کے مطابق ایم ڈی کیٹ میں بلیوٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے نقل کے واقعات پر خیبر پختونخوا حکومت نے والدین کی شکایات پر نوٹس لے لیا اور تحقیقات کیلئے جےآئی ٹی بنادی۔

ٹیم کو نقل کے پس پردہ کرداروں کو بے نقاب کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 7 رکنی جےآئی ٹی کے سربراہ آئی جی اسپیشل برانچ ہوں گے۔

جےآئی ٹی میں اسپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سمیت اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ،ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ ، انٹیلی جنس بیورو اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

کمیٹی 7 روز کے اندر صوبائی حکومت کو تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے گی۔

یاد رہے صوبہ خیبر پختونخوا میں محکمہ تعلیم نے میڈیکل انٹری ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ میں بلو ٹوتھ کے ذریعے نقل کرنے والے درجنوں طلبا کو پکڑ لیا تھا۔

اعلیٰ تعلیم کے محکمے کی صوبائی سیکریٹری انیلہ محفوظ درانی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق خفیہ بلیو ٹوتھ ڈیوائسز کے ذریعے طلبہ و طالبات کو ٹیسٹ حل کرانے میں مدد فراہم کی جا رہی تھی۔
.
سیکریٹری اعلی تعلیم کا کہنا تھا کہ بلیوٹوتھ ڈیوائس صوبے کے مختلف امتحانی ہالوں میں بیٹھے طلبہ نے خفیہ طور کانوں میں لگا کر پرچہ آوٹ کرانا تھا۔