بچوں کے لئے بڑا تعلیمی اقدام: "علم پیکٹ پروگرام” کا اجرا

خیبر پختونخوا حکومت نے "علم پیکٹ پروگرام" کا اجرا

پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے "علم پیکٹ پروگرام” کا اجرا کردیا ، جس میں 80 ہزار آؤٹ آف اسکول بچے مستفید ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے آؤٹ آف اسکول بچوں کی تعلیم کے لیے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے "علم پیکٹ پروگرام” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

پروگرام کا افتتاح وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک باوقار تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں اعلیٰ حکام، محکمہ تعلیم کے افسران اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

"علم پیکٹ پروگرام” برطانوی حکومت کے ادارے ایف سی ڈی او کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جب کہ اس پر عملدرآمد برٹش کونسل کے ذریعے کیا جائے گا۔

اس پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا کے آٹھ اضلاع کے تقریباً 80 ہزار آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لایا جائے گا۔

ان اضلاع میں بٹگرام، مانسہرہ، صوابی، بونیر، شانگلہ، خیبر، مہمند اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں، جہاں آؤٹ آف اسکول بچوں کا اسکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ:”ہماری حکومت کا مشن صرف تعلیم کی فراہمی نہیں بلکہ بچوں کو معیاری تعلیم دینا ہے، علم پیکٹ پروگرام، تعلیمی اصلاحات کے سفر کا ایک اہم سنگ میل ہے اور اس مقصد کے لیے درکار فنڈز پہلے ہی فراہم کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ معاشرے کا ہر طبقہ تعلیم کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکے۔

گزشتہ برس کے اعداد و شمار کے مطابق، صوبے بھر میں 13 لاکھ آؤٹ آف اسکول بچوں کو دوبارہ اسکولوں میں داخل کرایا گیا، جو کہ حکومت کی تعلیمی ترجیحات کا واضح ثبوت ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کا "علم پیکٹ پروگرام” نہ صرف آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیم کی فراہمی کا ذریعہ بنے گا بلکہ یہ اقدام صوبے میں تعلیم کو عام کرنے اور معیاری بنانے کی جانب ایک مثبت اور انقلابی قدم ہے۔