پشاور : خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں ڈینگی وائرس نے وبائی صورت اختیار کر لی، 6350 سے زائد افراد ڈینگی مچھر کا شکار بن گئے، صوبےمیں82نئے کیسز سامنےآئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مثبت کیسز کی تعداد6350ہوگئی، اس حوالے سے ڈینگی رسپانس یونٹ ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک صوبے میں82نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
پشاور میں ڈینگی کے2482مثبت کیسز ہیں جبکہ 114مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق25نئے مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، علاج کے بعد 6236 مریضوں کو اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا۔
یاد رہے کہ ڈی جی ہیلتھ خیبرپختونخوا نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ پشاور میں ڈینگی کے پھیلنے کی خبریں حقیقت پرمبنی نہیں ہیں، پولیو کی طرح اب ڈینگی کے حوالے سے بھی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ محمد ارشد کا کہنا تھا کہ پشاور، مردان، سوات، کرم اور ہری پور میں کافی عرصے سے ڈینگی رہا ہے۔ پشاور میں چند نواحی علاقے ڈینگی کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈینگی پھیلنے کی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں، یہ وہ علاقے ہیں جہاں پہلے بھی پولیو کے خلاف افواہ پھیل چکی تھی۔
پشاور میں اب تک1100ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے ہیں،400 میں تصدیق ہوگئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ جنوری سے ہرضلع میں ڈینگی کے لئے کنٹرول روم بنایا گیا ہے۔