خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ ، ڈبل سواری پر پابندی

خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ ، ڈبل سواری پر پابندی

پشاور : خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈبل سواری اور اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، اس حوالے سے محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

جس میں کہا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر لگائی گئی ہے جس کا اطلاق ایک ہفتے کیلئے ہوگا۔

اعلامیے میں کہنا ہے کہ پشاور، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، نوشہرہ، کرم، مردان اور لکی مروت میں پابندیاں عائد رہیں گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس دوران ڈبل سواری، وال چاکنگ، اشتعال انگیز تقریریں، اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی ممنوع ہوگی، جبکہ پانچ یا زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ نے افغان شہریوں کی عوامی مقامات پر نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، جس کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔