بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کریتی سینن اپنی آنے والی فلم ’آدی پرش‘ کے ٹریلر لانچ کے دوران زمین پر بیٹھنے پر تنقید کا نشانہ بن گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار پربھاس اور کریتی سینن کی میگا بجٹ فلم آدی پرش کے ٹریلر لانچ کے موقع پر سیٹ نہ ملی تو اداکارہ زمین پر بیٹھ گئیں جسے سوشل میڈیا صارفین نے پبلسٹی اسٹنٹ قرار دیتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پر کریتی سینن کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں ٹریلر لانچنگ کے دوران تھیٹر کے فرش پر بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پاپا رازی نے کریتی سینن کے اقدام کی تعریف کی اور لکھا کہ ’ڈاؤن ٹو ارتھ۔‘
تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اسے کریتی سینن کے عاجزانہ اقدام کے بجائے پبلسٹی اسٹنٹ قرار دے دیا، ایک صارف نے لکھا کہ ’ڈاؤن تو ارتھ کا مطلب زمین پر بیٹھنا نہیں ہوتا۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’کوئی ڈاؤن ٹو ارتھ نہیں سب دکھاوا ہے۔‘ دوسرے صارف نے لکھا کہ ’اسے اسمارٹ اقدام کہتے ہیں، سیٹ نہیں ملی تو وہ فرش پر بیٹھ گئی‘
تیسرے صارف نے کریتی سینن کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوئی بھی اپنی سیٹ نہیں چھوڑ رہا تھا لہٰذا وہ فرش پر بیٹھ گئی۔‘
واضح رہے کہ آدی پرش کو 500 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے بنایا گیا ہے اور یہ فلم رواں سال 16 جون کو بڑے پردے کی زینت بنے گی۔
فلم کی کاسٹ میں پربھاس، سیف علی خان، کریتی سینن، سنی سنگھ ودیگر شامل ہیں جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض اوم راوت نے انجام دیے ہیں۔