اہم خلیجی ملک کا بوسٹر ڈوز سے متعلق بڑا فیصلہ

کویت نے اومیکرون قسم سامنے آنے پر کورونا خدشات کے باعث ویکسین کی بوسٹر ڈوز لازمی ‏قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کویتی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ پیر کے روز ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا جس میں یہ طے ‏پایا کہ وہ افراد جنہوں جو مکمل ویکسینیٹڈ ہیں اور انہیں 9 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے انہیں تیسری ‏ڈوز لگائی جائے گی۔

کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اتوار سے آنے والے مسافروں کو 10 دن تک گھر میں قرنطینہ کرنا ‏ضروری ہو گا جب تک کہ وہ اپنی آمد کے 72 گھنٹوں کے اندر کورونا وائرس کے لیے منفی پی سی ‏آر ٹیسٹ حاصل نہ کریں۔

افریقا میں دریافت ہونے والی کرونا کی نئی قسم سے نمٹنے کے لئے کویت نے بڑے فیصلے کر ‏رکھے ہیں۔
خلیجی ملک نے 9 افریقی ممالک کے ملک میں براہ راست داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔ ‏

جنوبی افریقہ ، نمیبیا ، بوٹسوانا ، زمبابوے ، موزمبیق ، لیسوتھو ، ایسواٹینی ، زامبیا اور ملاوی کے ‏ساتھ براہ راست کمرشل پروازوں کو فوری طور پر بند کیا جا چکا ہے۔